حال ہی میں
انگریزی سے ترجمہ شدہ۔ اصل تحریر پڑھیں

وہ لفظ جو اب تک لکھے گئے تقریباً ہر میڈیکل ریکارڈ میں موجود ہے۔
اس کا مطلب کیا ہے؟ حال ہی میں!..... ایک ہفتہ؟ تین مہینے؟ پچھلا سال؟
آپ نہیں جانتے۔ میں بھی نہیں جانتا۔ اور وہ ڈاکٹر بھی نہیں جانتا جو رات 2 بجے آپ کا چارٹ پڑھ رہا ہے، جب آپ اسپتال پہنچتے ہیں اور اپنے بارے میں خود کچھ بتا نہیں سکتے۔
ہم نے تیس سال طب کی لکھائی کا مسئلہ حل کرنے میں لگا دیے۔ ڈاکٹر ہاتھ سے گھسیٹ کر نوٹس لکھا کرتے تھے۔ ناخوانا۔ بے ترتیب۔ خطرناک۔ تو ہم نے سافٹ ویئر بنایا۔ سب کچھ ڈیجیٹل کر دیا۔ اب ہر لفظ ٹائپ ہوتا ہے، محفوظ ہوتا ہے، تلاش کیا جا سکتا ہے۔
اور “حال ہی میں” اب بھی وہیں موجود ہے۔ بالکل صاف پڑھا جا سکتا ہے۔ اور مطلب کچھ بھی نہیں۔
طب دنیا کا وہ پیشہ ہے جس میں وقت کی اہمیت سب سے زیادہ ہے۔
کوئی دوا محفوظ ہے یا نہیں، اس کا انحصار اس پر ہے کہ آپ نے آخری بار کب لی۔ کوئی علامت سنگین ہے یا نہیں، اس کا انحصار اس پر ہے کہ کب شروع ہوئی۔ آپ بہتر ہو رہے ہیں یا بدتر، اس کا انحصار پوری طرح اس پر ہے کہ پہلے کیا ہوا، اور کس ترتیب سے۔
طب میں وقت پس منظر کی معلومات نہیں۔ وقت ہی تشخیص ہے۔
اور اس سب کو جوڑے رکھنے والی زبان “حال ہی میں” جیسے لفظوں پر چلتی ہے۔ پہلے۔ سابقہ ہسٹری۔ کچھ عرصہ پہلے۔ “حال ہی میں اسپتال میں داخلہ۔”
ایک ڈاکٹر ریفرل نوٹ میں یہ پڑھتا ہے۔ اسے فیصلہ کرنا ہے۔ “حال ہی میں” کا مطلب پچھلا منگل بھی ہو سکتا ہے۔ آٹھ مہینے پہلے بھی۔ علاج بدل جاتا ہے۔ خطرہ بدل جاتا ہے۔ سب کچھ بدل جاتا ہے۔
کسی نے اس نوٹ کو غلط قرار نہیں دیا۔ اور سچ یہ ہے کہ یہ غلط ہے بھی نہیں۔ بس خالی ہے۔ اور یہ خالی پن پورے نظام سے گزرا، ایک ڈیٹا بیس میں محفوظ ہوا، اور اب کسی ایسے شخص کے سامنے پڑا ہے جسے ایک ایسا جواب چاہیے جو دینے کے لیے یہ کبھی بنا ہی نہیں تھا۔
ہم سمجھے تھے کہ مسئلہ بے ڈھنگی لکھائی ہے۔ تو ہم نے اسے صاف کر دیا۔ کاغذات گم ہوتے تھے..... ہم نے انہیں ڈیجیٹل کر دیا۔ نظام آپس میں جڑے نہیں تھے.... ہم نے پائپ بچھا دیے۔
اور اس سب کے بعد بھی، “حال ہی میں” کا مطلب ہے: کبھی بھی۔
اب اس کے اوپر اے آئی کی تہہ چڑھائی جا رہی ہے۔ یہ نوٹس پڑھتا ہے۔ ان کا خلاصہ کرتا ہے۔ پُراعتماد لگتا ہے۔
مگر جو نظام کھوکھلی زبان پر تربیت پائے، وہ وضاحت پیدا نہیں کرتا۔ وہ ایسا خالی پن پیدا کرتا ہے جو سننے میں بہتر لگتا ہے۔ رواں۔ قائل کر دینے والا۔ پھر بھی کھوکھلا۔
حل بہتر ابلاغ ہے..... اور “بہتر” کی تعریف ابھی ہونا باقی ہے۔
اس کا مطلب ہے “حال ہی میں” کے لفظ تک واپس جانا اور اسے آگے نہ گزرنے دینا۔ یہ غلط نہیں۔ بس بات یہ ہے کہ طب ایسے لفظوں پر نہیں چل سکتی جن کا مطلب ہو: کبھی بھی۔
یہ کام کسی نے نہیں کیا............. ابھی تک۔
( Z )
حال ہی میں، میں ایک خالی جہاز میں ماسک پہنے بیٹھا تھا!
((Z))