سرحد پر کھڑی ذہانت
انگریزی سے ترجمہ شدہ۔ اصل تحریر پڑھیں

پچھلے سال دس لاکھ سے زیادہ بین الاقوامی طلبہ نے امریکہ میں تعلیم حاصل کی، اور معیشت میں 40 ارب ڈالر سے زیادہ کا حصہ ڈالا۔ ہیلتھ سائنسز، انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس میں وہ تمام گریجویٹ طلبہ کا آدھے سے زیادہ ہیں۔ وہ امریکی تجربے میں کوئی مہمان نہیں۔ وہ اس کے شریک مصنف ہیں۔

یہ گراف ایک دہائی کے دوران معیشت میں حصے، داخلوں کے اعداد و شمار اور ان سے چلنے والی ملازمتوں کو دکھاتا ہے۔ (ماخذ NAFSA.org)
پھر بھی وہ دن بہ دن شک کے سائے میں جی رہے ہیں۔ سیاسی بیان بازی اور عالمی کشیدگی نے اسکالرز کو سکیورٹی کے لیے خطرہ بنا کر پیش کرنا شروع کر دیا ہے۔ چینی شہریوں کی کڑی جانچ پڑتال ہوتی ہے؛ جنوبی ایشیا، مشرقی یورپ اور افریقہ سے آنے والے ویزا میں تاخیر اور تحقیق تک محدود رسائی جھیلتے ہیں۔ پیغام دبے لفظوں میں ہے، مگر واضح: آپ کا خیر مقدم ہے، مگر آپ پر پورا بھروسا نہیں۔
یہ چکر نیا نہیں۔ دوسری جنگِ عظیم کے حراستی کیمپوں میں قید جاپانی نژاد امریکی طلبہ سے لے کر سرد جنگ کی بلیک لسٹوں تک، اور نائن الیون کے بعد مسلمان طلبہ کی نگرانی تک.... تاریخ دکھا چکی ہے کہ خوف کی کیا قیمت چکانی پڑتی ہے۔ آج امریکہ نے طلبہ کے ویزا انٹرویو روک دیے ہیں اور سوشل میڈیا کی جانچ بڑھانے کا منصوبہ ہے۔
نقصان حقیقی ہے۔ جب محققین دوسرے ملک چن لیتے ہیں تو امریکی لیبارٹریاں پیچھے رہ جاتی ہیں۔ یہ کوئی فالتو افرادی قوت نہیں، یہی تو علمی مرکز ہے۔ اور دوسرے ملک اب صرف ویزے نہیں دے رہے.... وہ ان پر یقین بھی کر رہے ہیں۔
داؤ پر صرف طلبہ کی زندگیاں نہیں، اس سے کہیں زیادہ ہے۔ جب کسی گریجویٹ کو ملک چھوڑنا پڑتا ہے تو وہ اپنے ساتھ وہ کمپنی بھی لے جاتا ہے جو وہ بنا سکتا تھا، وہ طبی پیش رفت بھی جو شاید اس کے ہاتھوں ہوتی، اور وہ ملازمتیں بھی جو وہ پیدا کرتا۔ یہ کوئی کتابی بات نہیں۔ یہ بوسٹن کی بایوٹیک، مڈویسٹ کی میڈٹیک اور آنے والے کل کی صنعتوں کی کہانی ہے۔
ان طلبہ کو قومی اثاثہ کہنا درست ہے، مگر ادھورا۔ وہ امریکی کہانی کا حصہ اس لیے نہیں کہ وہ کیا دیتے ہیں، بلکہ اس لیے کہ وہ کون ہیں: مواقع کے متلاشی، جنہیں تجسس آگے بڑھاتا ہے، اور جو ایک ایسے ملک میں اپنی زندگیاں بنا رہے ہیں جو مدتوں سے امکانات کی سرزمین کہلاتا ہے۔
ہاں، قومی سلامتی اہم ہے۔ جاسوسی کے واقعات ہوتے ہیں۔ مگر جو پالیسی صرف خوف سے بنے، وہ کم ہی ترقی لاتی ہے۔
امریکہ اس یقین پر بنا تھا کہ ذہانت کہیں سے بھی آ سکتی ہے۔ ہم اب بھی اس پر یقین رکھتے ہیں یا نہیں...... یہی طے کرے گا کہ آگے کیا ہوگا۔
((Z))